پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ جنہوں نے کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹنا تھا آج پیپلزپارٹی کے جھنڈے کے ساتھ ان کے بینر لگ گئے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے رکن سینیٹر فیصل جاوید خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی تصویر کے ساتھ لکھا کہ پاکستان مسلم لیگ نون – انا للہ وانا الیہ راجعون- جنہیں کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹنا تھا پیپلزپارٹی کے جھنڈے کے ساتھ خود سڑک پر ان کے بینرز لگ گئے-
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج سے برسوں سال پہلے کہا تھا کہ یہ سب عمران خان کے خلاف اکٹھے ہو جائیں گے۔
انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے جھنڈوں والے بینرز پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی تصاویر آویزاں ہیں۔
یاد رہے کہ 2013 الیکشن سے قبل شہباز شریف اپنی تقاریر میں کہا کرتے تھے کہ وہ آصف زرداری کو کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹیں گے۔
اس سے قبل معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہارا ہوا شخص مفرور ہو کر لندن بیٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ملکی دفاعی اداروں سے مخاطب تھے، آپ کی بات درست ہے چوروں کا واسطہ جیلوں سے ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ایما پر میاں صاحب نے ملک کے ساتھ دھوکا کیا۔
شہباز گل نے کہا کہ چور چوری سے جائے ہیرا پھیری سے نہیں اور میاں صاحب اس وقت ہیراپھری فرما رہے ہیں، نواز شریف کی آرمی کیخلاف زبان درازی کوئی نئی بات نہیں۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ مس کیلبری اس وقت قوم کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں۔ سرٹیفائیڈ نااہل والد کی نااہل اولادیں جھوٹے انقلاب کے نام پر عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مریم صفدر جتنی مرضی کوشش کرلیں ایک چور کو انقلابی کا خول نہیں چڑھا پائیں گی۔