کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے خلاف مزار قائد کا تقدس پامال کرنے کا کیس درج کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ پولیس نے کراچی کے اس ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑا جہاں میں ٹھہری ہوئی تھی اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو گرفتار کرلیا
آج صبح مزار قائد تقدس پامالی کا مقدمہ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں درج کیا گیا۔
مقدمہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کی جانب سے پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کے بعد درج کیا گیا جس میں مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر سمیت دیگر 200 افراد نامزد ہیں۔
مقدمے میں مزار قائد کے تقدس کی پامالی کی دفعات سمیت جان سے مارنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل ہیں۔
گرفتاری کے موقع پر کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا بلکہ مزار قائد پر صرف مادر ملت اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مزار قائد کی بے حرمتی سے ہر پاکستانی کا دل دکھا ہے اور اس واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔