چین کی معروف لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک کو پاکستان میں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اجلاس میں ٹک ٹاک انتظامیہ کی غیراخلاقی مواد پر قابو پانے کے اقدامات کی یقین دہانی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ غیراخلاقی و غیر مناسب مواد کی روک تھام کا میکانزم بنانے پر آمادہ ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ غیراخلاقی مواد کی مسلسل نگرانی اور ایسے اکاؤنٹس معطل کرنے کا مقامی نظام بنا دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے نے 9 اکتوبر کو ٹک ٹاک پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی گئی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔