گورنمنٹ کالج برائے خواتین بی بلاک سیٹلائیٹ ٹاون راولپنڈی کی پرنسپل نے حکومت کی جانب سے طے کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی شروع کر دی ہے، اسکول میں ایک لیکچرار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اس بات کو حکام سے چھپا دیا گیا ہے۔
اسی طرح متبادل ایام کے بجائے ہر روز طلبہ کو بلایا جا رہا ہے جبکہ ایک لیکچرار کا کورونا مثبت آیا ہے مگر یہ خبر بھی حکام بالا سے پوشیدہ رکھی گئی ہے جس کی وجہ سے طلبہ میں کورونا پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
کالج میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد طلباء اور والدین پریشان ہیں کیونکہ یہ وبا ان کے بچوں تک بھی پہنچ سکتی ہے اور ان سے آگے گھر والے بھی اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ حکومت اعلان کر چکی ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں کورونا کیسز سامنے آنے پر اسے بند کر دیا جاتا ہے۔
اسی طرح استاد یا بچے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ جائے تو اسے بھی اپنے گھر میں آئسولیٹ کر دیا جاتا ہے۔
تاہم گورنمنٹ کالج برائے خواتین بی بلاک سیٹلائیٹ ٹاؤن راولپنڈی میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔
والدین نے حکام سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ کالج کو فوراً بند کیا جائے اور کورونا میں مبتلاء لیکچررز کو گھر بھیجا جائے۔