وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز (پمز) میں 61 ڈاکٹرز کے کورونا کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں ڈاکٹروں کی بڑی تعداد کورونا سے متاثر ہو چکی ہے، مختلف شعبوں کے 61 ڈاکٹرز اس وبا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنرل سرجری کے 9 ڈاکٹر کورونا کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ پیٹ کی بیماریوں کے شعبے کے 6 اور آرتھوپیڈک ڈپارٹمنٹ کے 2 ڈاکٹرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
اسی طرح شعبہ امراض قلب کے 5 ڈاکٹرز اور بچوں کے امراض کے 7 ماہرین بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ پمز اسپتال کے کینسر وارڈ کا ایک، میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے 7 ڈاکٹرز کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کے فضائیہ میڈیکل کالج میں 8 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے ایک ہفتے کے لیے کالج کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کالج میں یکم نومبر تک تدریسی عمل معطل رہے گا۔ طلبہ کو گھر پر رہ کر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔