واشنگٹن: امریکی نیشنل انٹیلیجنس کا کہنا ہے کہ روس اور ایران 2020 میں ہونے والے انتخابات میں مداخلت کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر امریکی نیشنل انٹیلی جنس جان ریٹکلف نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک نے امریکی الیکشن میں مداخلت کیلئے اقدامات کر لیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ایران اور روس نے امریکی ووٹرز کی رجسٹریشن کی کچھ معلومات حاصل کر لی ہیں۔
جان ریڈ کلف نے کہا کہ ایران جعلی اکاؤنٹس اور ای میلز کے ذریعے سوشل میڈیا پر بدامنی پھیلانے اور صدر ٹرمپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
خیال رہے امریکہ کی ان ریاستوں میں جہاں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے وہاں ڈیموکریٹک ووٹرز کو کئی ایک دھمکی آمیز میلز بھیجی گئیں جس میں انہیں صدر ٹرمپ کو ووٹ دینے کا کہا گیا ہے۔
امریکی انتخابات سے دو ہفتے قبل ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا جانے والے اعلان سے یہ واضح کرتا ہے کہ امریکی حکام کو بیرونی ممالک کی جانب سے جھوٹی افواہیں پھیلا کر ووٹرز ٹرن آؤٹ پر اثرانداز ہونے کی کوششوں پر تشویش ہے۔
امریکہ میں ہونے والے گزشتہ انتخابات میں بھی روس کی مداخلت کے حوالے سے کافی الزامات عائد ہوئے تھے، کئی اعلیٰ حکام نے یہ بات کی تھی کہ ٹرمپ کو اقتدار میں لانے کے لیے روس سے مہم چلائی گئی تھی جس میں سوشل میڈیا استعمال کر کے رائے عامہ کو متاثر کرنا سرفہرست تھا۔
خیال رہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات سے پہلے ہونے والے پولز سروے کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔