زمبابوے کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ تمام کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد تمام کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ببل کا حصہ بناتے ہوئے ایک دوسرے سے ملنے جلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف پریکٹس کا آغاز آج جمعرات سے قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا۔
پاکستان زمبابوے سیریز
یاد رہے پاکستان اور زمبابوے کے مابین کھیلے جانے والی ایک روزہ سیریز بھی رواں مہینے کے آخر میں شروع کی جا رہی ہے۔
ایک روزہ سیریز کا افتتاحی میچ تین اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
سیریز کا دوسرا میچ یکم نومبر جب کہ دوسرا میچ تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سات نومبر، دوسرا میچ آٹھ نومبر جب کہ تیسرا میچ دس نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاک زمبابوے سیریز کے اصول و ضوابط
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور زمبابوے کے مابین کھیلے جانے والی وائٹ بال سیریز کے لیے اصول ضوابط بھی جاری کر دیے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق کسی بھی کھلاڑی کو گیند پر کسی بھی مقصد کے لیے تھوک نہیں لگانے دیا جائے گا۔
دو بار وارننگ کے بعد پینلٹی کے طور پر مخالف ٹیم کو پانچ رنز اضافی دیے جائیں گے۔
موجودہ لاجسٹک چیلنجز کے باعث میچ میں سے نیوٹرل ایمپائر کا کردار ختم کر دیا گیا ہے، آئی سی سی اپنے ایلیٹ پینل میں سے میچ آفیشلز کی تقرری کرے گا۔
چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ کم تجربہ کار ایمپائرز کی میدان میں تعیناتی کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ڈی آر ایس ریویو اضافی دیا جائے گا۔
آئی سی سی کی کرکٹ آپریشن ٹیم میچ ریفریز کی معاونت کے لیے موجود ہوگی جب کہ نیوٹرل ایلیٹ پینل کے میچ ریفری کسی قسم کی سماعت کے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔