سی این این کے میزبان وین جونز نے جوبائیڈن کی جیت پر نشریات کے دوران جذباتی کیفیت میں کہا کہ آج امریکہ کیلئے بہت بڑا دن ہے۔
انہوں نے لائیو نشریات کے دوران کہا کہ آج اس ملک میں تارکین وطن، سیاہ فام اور مسلمانوں سمیت بہت سے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہوگا۔
وین جونز نے کہا کہ میں سانس نہیں لے سکتا، یہ صرف جارج فلوائیڈ کی ہی نہیں بلکہ جانے کتنے لوگوں کی آواز تھی، جانے کتنے لوگوں کی سانسیں رکی ہوئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب امریکہ میں مسلمانوں کو اس بات پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کہ آپ کے صدر کو آپ کا امریکہ میں ہونا پسند نہیں۔
سی این این کے میزبان نے کہا کہ اگر آپ مہاجر ہیں تو آپ کو اس بات کا خوف نہیں کہ آپ کا صدر اس بات پر خوش ہوگا کہ آپ کا بچہ آپ سے چھین لیا جائے۔
وین جونز کا کہنا تھا کہ آج اس ملک میں باپ کیلئے آسان ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بتائے کہ کردار کی کیا اہمیت ہے، ایک اچھا انسان ہونا کتنا اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امریکیوں کیلیے امن کا اور چیزوں کو دوبارہ شروع کرنے کا موقع ہے ۔
یاد رہے امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج تاخیر کا شکار ہوئے، انتخابات میں ایک وقت ایسا بھی آیا کہ دونوں صدارتی امیدواروں نے اپنے اپنے طور پر کامیابی کا دعویٰ کیا۔
لیکن بالآخر امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیمو کریٹک امیدوار جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے اور وہ امریکہ کے 46 ویں صدر ہوں گے۔