مسلم لیگ کا ن کی سابق سینیٹر روزینہ عالم خان نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے اداروں کے خلاف بیانیہ سخت ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد ن لیگ کے کئی اراکین اس سے پیچھے ہٹتے نظر آ رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں سابق اسپیکر سردار ایاز صادق کے فوج مخالف بیان کے بعد ن لیگ کی سابق سینیٹر روزینہ عالم خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی خواندگی کمیٹی کی چئیر پرسن شپ سے بھی استعفی دے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سردار ایاز صادق کے بیان سے دلی دکھ ہوا، ہمارا ان کے بیانیے سے کوئی تعلق نہیں، پارٹی نے ان کے بیانیے کی حمایت کی جس کے باعث اب پارٹی میں نہیں رہ سکتی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ن لیگ کے کئی اراکین پارٹی چھوڑ چکے ہیں ، اور کئی اراکین نے برملا نواز شریف کے فوج مخالف بیانیے کی مخالفت کی ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ن لیگ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سے نوازشریف کی جتنی حد تک مخالفت ہوسکی کریں گے، نوازشریف کا اصل روپ گلی گلی گھر گھر دکھائیں گے۔
صدر مسلم لیگ ن بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ بھی پارٹی عہدے مستعفی ہو چکے ہیں اور ایک پریس کانفرنس میں باضابطہ طور پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں ۔