دنیا کو کورونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے، ہر ملک اپنے وسائل کے اعتبار سے اس وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی ترتیب دے رہا ہے، اس دوران برطانیہ کے ڈیفنس چیف سر نک کارٹر نے خبردار کیا ہے کہ کورونا سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے تیسری جنگ عظیم چھڑ سکتی ہے۔
نک کارٹر نے کہا ہے کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک کو تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہئے اور بین الاقوامی سطح پر جو اقدامات 20 ویں صدی کی جنگوں کا باعث بنے تھے، ان کے بارے میں جاننا چاہئے۔
برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے ایک ٹی وی پروگرام میں تبصرے کے دوران کہا کہ دنیا بھر میں جاری علاقائی تنازعات سے ممکنہ جنگ چھڑنے کا خوف موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 20 ویں صدی میں ہونے والی جنگیں بھی مختلف ممالک کے اتحاد قائم ہونے والی سیاسی تنظیموں کا نتیجہ تھیں جن کا مقصد صرف اپنے مفادات کا دفاع تھا۔
نک کارٹر نے مزید کہا کہ عالمی وبا کے دوران دنیا بھر میں غیر یقینی اور پریشانی کی صورتحال میں کسی قسم کی جارحیت غلط اقدام کا باعث بن سکتی ہے۔
انہوں نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی اور دوسری جنگ عظیم سے پہلے بھی کئی ممالک کی طرف سے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تھا جس کی بنیاد پر غلط اندازے لگائے گئے جو آخر کار جنگ کا باعث بنے۔
سر نک کارٹر نے ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا کہ تاریخ دوبارہ نہیں دہرائی جائے گی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تیسری جنگ عظیم کا واضح خطرہ موجودہ نہیں تاہم اس کے خدشے کا ادراک ہونا ضروری ہے۔ اور یہ یاد دہانی لازم ہے تاکہ تاریخ کے تجربات کے تناظر میں علاقائی تنازعات سے نمٹا جا سکے۔