اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کورونا وبا سے متاثر ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپٹن صفدر نے کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کرایا تھا جس کا نتیجہ مثبت آیا۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کیپٹن صفدر قرنطینہ منتقل ہو گئے ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔
کورونا کی تشخیص کے بعد ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے سرکاری ویب سائٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33340 ٹیسٹ کیے گئے تھے اور 1650 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسی دوران 9افراد مہلک بیماری کا شکار ہو کر انتقال کر گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی شرح 4.9 فیصد رہی۔
کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 6977 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی طور پر مصدقہ کیسز 3 لاکھ 44839 تک جا پہنچے ہیں۔
اس دوران 464 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز 26 فروری 2020 کو سامنے آئے تھے۔ جس کے فوراً بعد ملک بھر میں اسکولوں کو بند کرنے کے ساتھ عوامی سطح پر مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
جون کے آغاز میں ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
اس دوران حکومت کی جانب سے لاک ڈاون لگاتے ہوئے عوام کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگائی گئی تھی