لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں فتح کے بعد ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
پاکستان ٹیم کسی ایک ٹیم کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں سب سے زیادہ مرتبہ لگاتار فتح حاصل کر چکی ہے۔
قومی ٹیم کے شاہینوں نے زمبابوے کے خلاف 13 سیریز کھیلی اور سب میں فتح اپنے نام کی۔
گرین شرٹس نے اس اعزاز کے ساتھ ہی افغانستان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، افغانستان نے آئرلینڈ کو 12 ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دے رکھی ہے۔
یاد رہے پاکستان نے گزشتہ روز کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2.0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ دس نومبر کو کھیلا جائے گا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم اور حیدر علی کی شاندار نصف سنچریوں نے قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 134 رنز بنائے تھے سے گرین شرٹس نے 16ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز کرنے فخرزمان اور بابر اعظم میدان میں آئے تو ابتدا میں ہی ٹیم کو فخرزمان کی صورت میں پہلا جھٹکا لگا۔
فخرزمان پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد بابر اعظم اور حیدر علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بنائے۔
اس سے قبل پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔