سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 1650 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
کورونا کی تباہ کاریوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 33340 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اسی دوران نو افراد مہلک بیماری کا شکار ہو کر انتقال کر گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی شرح 4.9 فیصد رہی۔
کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 6977 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی طور پر مصدقہ کیسز 3 لاکھ 44839 تک جا پہنچے ہیں۔
اس دوران 464 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
صوبوں اور دارالحکومت کی صورتحال
حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے 255 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 21 ہزار 557 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں وائرس سے مزید 2 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد دارالحکومت میں وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 238 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں کورونا کے 369 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 577 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 112 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز 40 ہزار 285 ہوگئے ہیں۔
بلوچستان میں 14 مزید افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ایک مریض انتقال کر گیا ہے، صوبے میں مجموعی متاثرین 16 ہزار 41 جبکہ انتقال کر جانے والوں کی تعداد 154 ہو گئی ہے۔
آزاد کشمیر میں کورونا کے 109 کیسز کا اضافہ ہوا اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 703 ہوگئی۔
آزاد کشمیر میں وبا سے متاثرہ 2 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 109 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان میں وبا سے مزید 15 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 358 ہوگئی۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز 26 فروری 2020 کو سامنے آئے تھے۔ جس کے فوراً بعد ملک بھر میں اسکولوں کو بند کرنے کے ساتھ عوامی سطح پر مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
جون کے آغاز میں ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
اس دوران حکومت کی جانب سے لاک ڈاون لگاتے ہوئے عوام کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگائی گئی تھی۔