نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک ماہ کیلئے کیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق قمیت میں اضافہ اگست کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، اگست میں بجلی کی پیداواری لاگت 3 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی۔
اگست میں بجلی کی پیشگی فیول لاگت 3 روپے 20 پیسے فی یونٹ تھی، جس کی صارفین سے اضافی وصولی نومبر کے بل میں کی جائے گی۔
سینٹرل پاور چیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے بجلی 98 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جس پر اتھارٹی نے 30 ستمبر کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔
نیپرا نے اگست کے ماہانہ فیول چارچز ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیتے ہوئے باضابطہ نوٹیکفییشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک کے سوا تمام صارفین پر ہوگا۔
واضح رہے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد صارفین پر 5 ارب روپے سے زائد کا بو جھ پڑے گا۔
یاد رہے نیپرا نے گزشتہ ماہ 83 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا تھا جس سے صارفین پر 10 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑا تھا، گزشتہ ماہ اضافہ جولائی 2020 کی ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا۔