سوشل میڈیا موجودہ دور کی ایک بڑی حقیقت ہے جس کے صارفین دنیا بھر میں مسلسل بڑھ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ تمام پلیٹ فارمز اپنی ایپس میں زیادہ سے زیادہ پرکشش فیچرز کا اضافہ کرتے رہتے ہیں۔
اس حوالے سے معروف مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر نے بھی اپنی ایپ میں ایک بڑا فیچر شامل کر لیا ہے جو اس سے قبل دیگر بڑی ایپس میں موجود تھا مگر ٹوئٹر میں اس کی کمی تھی۔
اسٹوریز کا فیچر سب سے پہلے اسنیپ چیٹ نے متعارف کرایا جسے بعد ازاں انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک نے بھی اپنا لیا، اب ٹوئٹر نے بھی صارفین کو یہ سہولت فراہم کر دی ہے۔
ٹوئٹر پر صارفین اب اپنی پسند کی تصویر اور ویڈیو اسٹوری لگا سکیں گے، اس فیچر کو ‘فلیٹس’ کا نام دیا گیا ہے جسے موبائل کی اسکرین کے اوپری حصے پر دیکھا جا سکے گا۔
ٹویٹر نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلیٹس کے نام سے آپ کے لیے آج سے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
یہ اسٹوری ٹوئٹر پر 24 گھنٹوں کے لیے موجود رہے گی جس دوران فالورز اسے دیکھ سکیں گے، اس کے بعد یہ خودبخود ختم ہو جائے گی۔
ٹوئٹر کا یہ نیا فیچر فلیٹس بالکل اسنیپ چیٹ، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کے اسٹوری فیچر کی ہی طرح ہے، ان ایپس میں بھی اسٹوری 24 گھنٹوں کے لیے موجود رہتی ہے اور اس کے بعد ایکسپائر ہو جاتی ہے۔