امریکی صدر اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے درمیان ممکنہ طلاق کی خبریں کئی روز سے عالمی میڈیا میں گردش کر رہی ہیں تاہم اب ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ کی قریبی سہیلیوں نے انہیں من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
میلانیا ٹرمپ کی دوستوں کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی علیحدگی یا طلاق نہیں ہو رہی، اس حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبریں حقیقت سے دور ہیں۔
ٹرمپ کو ایک اور دھچکا، میلانیا کا طلاق لینے پر غور
غیرملکی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کو انتخابات میں شکست ہونے کے بعد ان کی اہلیہ کے طلاق لینے کی باتیں صرف افواہیں ہیں، دونوں مستقبل میں بھی ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔۔
چند روز قبل صدر ٹرمپ کی ترجمان اسٹیفائن گرشم نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی خبروں کی وجہ سے لوگوں کا میڈیا پر اعتماد متزلزل ہوا ہے۔
صدر ٹرمپ کی سابقہ مشیر عمار وسا نے حالیہ دنوں میں کہا تھا کہ جب تک امریکی صدر وائٹ ہاؤس میں موجود ہیں، ان کی اہلیہ طلاق کا مطالبہ نہیں کریں گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں غیرملکی میڈیا کی رپورٹ میں وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیدار نے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابات میں شکست کے بعد میلانیا ٹرمپ ایک ایک منٹ گن کر گزار رہی ہیں کیونکہ انہوں نے وائٹ ہاؤس سے بے دخل ہونے کے بعد ٹرمپ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے عہدیدار نے انکشاف کیا تھا کہ ٹرمپ کے عام شہری بننے کے بعد میلانیا اُن کے ساتھ رہنا پسند نہیں کریں گی کیونکہ پہلے ہی دونوں نے اپنے کمرے علیحدہ کرلیے ہیں۔