پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ پلیٹ فارم سے 30 نومبر کو ملتان میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے، اس جلسے میں آصفہ بھٹو زرداری کے خطاب کی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے اپوزیشن جماعتوں کا اگلا جلسہ 30 نومبر کو ملتان میں ہو گا اور اسی روز پاکستان پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس بھی ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین چونکہ کورونا میں مبتلا ہیں اس لئے وہ یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے اس جلسے میں شرکت نہیں کریں گے، ان کی نمائندگی آصفہ بھٹو زرداری کریں گی جبکہ بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
اس حوالے سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 30 نومبر کو پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے، اس روز آصفہ بھٹو زرداری بھی ملتان آئیں گی اور پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے خطاب کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کررہی ہے، 30 نومبرکوجلسہ ہرصورت ہوگا اور آصف علی زرداری بھی وڈیو لنک پر جلسے سےخطاب کریں گے۔
یاد رہے حکومت کی طرف سے پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 30 نومبر کو پی ڈی ایم کے ہمراہ یوم تاسیس منانے سے پیپلزپارٹی کو کوئی نہیں روک سکتا۔
ملتان میں پیپلزپارٹی کے گرفتار کارکنان کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کٹھ پتلیاں جیالوں سے خوفزدہ ہیں، جو کرنا ہے کر لیں، لیکن ملتان میں جلسہ ہر صورت ہو گا۔
واضح رہے ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو درجنوں کینٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔