پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول میں توسیع کر دی
واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہو رہی تھی۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی طرف سے پنجاب کے محکمہ داخلہ و قانون کو ایک درخواست دی گئی تھی جس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں اور حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں جن سے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر ملک بھر کے مختلف شعبہ زندگی سے لوگ تعزیت کیلئے آ رہے ہیں، لہذا دونوں کی رہائی کی مدت میں فوری توسیع کی جائے۔
درخواست موصول ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی درخواست پر محکمہ داخلہ و قانون سے مشاورت کی جس کے بعد دونوں رہنماؤں کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پیرول کی مدت میں ایک روز کی توسیع کی منظوری دی جس کی تصدیق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر ٹوئیٹ کے ذریعے کی۔
فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول میں اگلے 24 گھنٹوں کیلئے توسیع کر دی گئی ہے۔
واضح رہے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پنجاب حکومت نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر5 روز کے لیے پیرول پر رہا کیا تھا۔