دنیا کا معروف سرچ انجن گوگل ہر سال کے اختتامی ماہ میں شخصیات، موضوعات اور دیگر پہلوؤں سے جامع فہرست جاری کرتا ہے جس میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیے گئے الفاظ، افراد اور موضوعات کی تفصیل بیان کی جاتی ہے۔
دنیا میں مجموعی سرچ کے علاوہ ہر ملک کے اندر ٹرینڈز کی فہرست بھی شائع کی جاتی ہے۔
سعودی عرب کے متعلق گوگل کی جاری فہرست سے ایک حیرت انگیز ٹرینڈ سامنے آیا ہے، یہاں ایسی شخصیات کو سرچ کیا گیا ہے جنہیں دنیا کے دیگر ممالک میں زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔
اسی طرح ایک اور اہم بات یہ ہے کہ دنیا میں سعودی عرب کی جس شخصیت کو سب سے زیادہ تلاش کیا گیا، انہیں اپنے ہی ملک میں انتہائی کم افراد نے سرچ کیا۔
سعودی عرب کے شہریوں نے سب سے زیادہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تلاش کیا جنہیں نہ امریکہ میں زیادہ تلاش کیا گیا اور نہ ہی پاکستان اور بھارت جیسے ممالک میں بہت زیادہ سرچ کیا گیا۔
اسی طرح دوسرے نمبر پر جس شخصیت کو سعودی عرب میں سرچ کیا گیا وہ ایک غیرمعروف شخصیت تھیں مگر ایک مشہور شخص سے جڑنے کے بعد ان کے نام کی سرچ میں ایک دم سے اضافہ ہو گیا۔
یہ شخصیت هبة الحسین ہیں جن کی سعودی عرب کے معروف گلوکار عایض یوسف سے شادی ہوئی۔
هبة الحسین خود بھی سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر مقبول ہیں اور کئی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے علاوہ وہ شوز میں بھی شرکت کرتی رہتی ہیں۔
تاہم وہ اپنے شوہر عايض يوسف سے کم مقبول ہیں اور انٹرنیٹ پر ان کی تلاش اس وقت بڑھ گئی، جب سعودی گلوکار نے ان سے شادی کا اعلان کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی حیران کن بات ہے کہ سعودی عرب میں ان کے شوہر کو زیادہ سرچ نہیں کیا گیا اور وہ ملک میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی 10 شخصیات میں شامل نہ ہو سکے۔
سعودی عرب میں اس برس تیسرے نمبر پر جوبائیڈن کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، یوں پہلے اور دوسرے نمبر پر دو امریکی صدور کا نام گوگل میں سرچ کیا گیا۔
اس کے علاوہ جن شخصیات کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ان میں نواف الاحمد، سوزان نجم الدین، سعد الجبری، الہام علی، مینا عرافہ، خالد سقر اور ھیا الشعیبی شامل ہیں۔
خالد صقر اداکار، گلوکار، میزبان و ٹی وی کی ایک مقبول شخصیت ہیں جبکہ ھیا الشعیبی مصر کی مشہور گلوکارہ ہیں۔