اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت رنگ روڈ منصوبے کے ملزمان کو کلین چٹ دینے جارہی ہے،ہوسکتا ہے عمران خان کو ملزمان کو بچانے کیلئے پھر ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل کرناپڑے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب عمران خان کے اپنے لوگوں کی کرپشن سامنے آتی ہے تو پھر ان کو نیب نہیں پکڑتی بلکہ ان کو عدالت دیکھتی ہے ،راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل کے حوالے سے بابراعوان کی زیر سایہ عدالت لگے گی اور وہ رنگ روڈ سکینڈل کے تمام ملزمان کو کلین چٹ دیدیں گے
ہوسکتا ہے کہ عمران خان کو پھر ڈی جی ایف آئی اے کا تبادلہ کرنا پڑ جائے تاکہ ان لوگوں کو بچایا جاسکے۔جتنے کرپشن کے سکینڈلز اس حکومت کے ریکارڈ پر آچکے ہیں اتنے سکینڈل پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں نہیں آئے ، ایل این جی کے اوپر ایک سو بیس ارب روپے کا سکینڈل سامنے آیا ، ندیم بابر کو گھر بھیج دوباقی پر مٹی پائو۔اس کےبعد ادویات کا سکینڈل آیا تو عامر کیانی سے وزارت صحت لے لو اور اسے پارٹی کا سیکرٹری جنرل لگا دو،کرپشن پر مٹی پائو۔وزارت صحت کا سیکنڈل آیا ظفر مرزا کو نکال دو اور باقی پر مٹی پائو۔پولیو کا سکینڈل آیا ،پاکستان کے پولیو کے پروگرام میں پی ٹی آئی جیالے نے بدترین کرپشن کی ہے اسے ہٹا دو باقی مٹی پائو۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کا ایک ہی منشور ہے کہ اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا جبکہ زلفی بخاری کو ملک سے باہر بھجوا دیا ،شوگرمافیا کو این آر او دیدیا گیااور من پسند مجرموں کو کلین چٹیں دینا حکومت کا منشور بن چکا ہے ۔