اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے قومی کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچز سے قبل کابل سٹیڈیم میں ٹریننگ اور پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ پہلی سیریز ہے۔ اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں افغانستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف ون ڈے میچز کی سیریز کی تیاری کررہی ہے اور جلد ہی سری لنکا روانہ ہوجائے گی۔ اس سے قبل منگل کے روز افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ حامد شنواری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’طالبان کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کررہے ہیں‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔