اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )عمان کے مفتی اعظم الشیخ احمد بن حمد الخلیلی نے ہندوستان میں ظلم کی چکی میں پستے مسلمانوں کے حق میں ہندوستانی انتہا پسند گروہوں اور سرکاری اداروں کے خلاف پوری امت مسلمہ سے بڑی اپیل کر دی ۔ مفتی اعظم عمان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں انتہا پسند جتھوں کے ہاتھوں سرکاری اداروں کی سر پرستی میں مسلمانوں کے خلاف کھلی جارحیت کی جارہی ہے ، یہ ایسا واقعہ ہے جس نے ہر باضمیر انسان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔ لہٰذا میں انسانیت کے نام پر تمام امن پسند ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس جارحیت کو روکنے کے لیے مداخلت کریں، اور میں پوری امت مسلمہ سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں متحد ہو کر سیسہ پلائی دیوار بن جائے ۔مفتی اعظم عمان عالم اسلام کی عظیم شخصیت ہیں جن کی مذہبی رواداری، اور اتحاد امت کے لئے گراں قدر خدمات ہیں ۔ وہ ہمیشہ عالم اسلام کے مسائل کو عالمی فورمز پر موثر طریقے سے اٹھاتے ہیں اور عرب دنیا کے واحد عالم دین ہیں جو فلسطین ، سوریا ، اور ہندوستانی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر مسلسل آواز اٹھاتے ہیں اور اپنے آفیشل اکاونٹ سے بیانات جاری کرتے ہیں اور آپ عالمی اتحاد برائے علماء اسلام کے نائب صدر بھی ہیں اور سلطنت عمان کے پچھلے پچاس سال سے مفتی اعظم کے منصب پر فائز ہیں ۔ حکومت پاکستان نے اپ کی قابل قدر خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال “ ہلال پاکستان “ سول ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا ہے۔