اسلام آباد (ما نیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پیٹرول لیوی ہر مہینے 4 روپے بڑھائی جائے گی، پیٹرول لیوی کو 30 روپے تک لے کر جانا ہے، آئی ایم ایف نے 700 ارب روپے کا ٹیکس لگانے کا مطالبہ کیا تھا، حکومت چھوٹے لوگوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف ایگریمنٹ کامیابی سے مکمل ہوا، آئی ایف پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر دے گا۔
کورونا کے باوجود معیشت کی بہتری کو آئی ایم ایف نے تسلیم کیا، حکومت پاکستان کی معاشی ترقی جاری ہے، آئی ایم ایف نے ٹیکس ریفارمز جاری رکھنے کا کہا ہے، کاروبار اور ٹیکس حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر کامیابی سے عمل کررہی ہے، پاور سیکٹر میں بھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ بجلی کے نرخ میں ایڈجسٹمنٹ ، ٹیکس کے نظام میں بہتری لائی جائے۔ مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف نے احساس اور کامیاب پروگرام کو سراہا۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کی گروتھ ہورہی ہے لیکن بیرونی اکاؤنٹ پر دباؤ ہے اس لیے اسٹیٹ بینک کو مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان میں مہنگائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول لیوی ہرماہ 4 روپے بڑھائی جائے گی، پیٹرول لیوی کو 30 روپے تک لے کر جانا ہے، حکومت کو چاہیے کہ چھوٹے لوگوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ کرنٹ اکاوَنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف نے تسلیم کیا کہ انرجی کے شعبے میں خاطرخواہ کام ہوا ہے، ٹیرف بڑھانے پر ہم نے پچھلے ماہ عمل بھی کیا، جو مستقل بنیادوں پر 200 یونٹ سے کم استعمال کرتے ہیں صرف ان کیلئے ٹیرف نہیں بڑھایا، وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ چند ماہ کے بعد بجلی کی قیمت دوبارہ بڑھانا پڑے گی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اثر انڈسٹریل اور گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔