فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے اسپتال میں علاج کی سہولیات کے لیے شناختی کارڈ لازمی قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق الائیڈ اسپتال فیصل آباد کی انتظامیہ نے شعبہ بیرونی مریضاں میں آنے والے مریضوں کے لیے علاج کو شناختی کارڈ سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر ارشد علی چیمہ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سخت ہدایت ہے کہ بغیر شناختی کارڈ آنے والے مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایمرجنسی وارڈ میں علاج کی سہولت بغیر شناختی کارڈ افراد مہیا کی جا سکے گی، دیگر علاج معالجے کے لیے شناختی کارڈ ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاج معالجے کے لیے شناختی کارڈ کو لازمی قرار دینے سے ہمارے پاس مریض کا تمام ریکارڈ محفوظ رہے گا اور مستقبل میں مریض سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے شناختی کارڈ سے ان کی ویکسی نیشن کا بھی پتہ لگایا جا سکے گا۔ اس صورت میں بغیر ویکسین افراد کو شناختی کارڈ کی مدد سے ویکسین بھی لگائی جا سکے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کورونا ویکسی نیشن کے لیے بھی شناختی کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا تھا تاکہ نادرا کےڈیٹا بیس میں تمام ڈیٹا محفوظ کیا جا سکے۔