اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اہم اجلاس ہوا، جس میں کئی بڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
ایکنک اجلاس میں سکھر، حیدر آباد موٹر وے منصوبے، جنوبی پنجاب میں غربت مکاؤ پروگرام، راولپنڈی رنگ روڈ اور دیگر منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
ایکنک اجلاس کے اعلامیے کے مطابق شوکت ترین کی زیر صدارت ہوئے اجلاس میں سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق منصوبے پر 191 ارب روپے لاگت آئے گی، 6 لائن پر مشتمل 306 کلومیٹر منصوبہ بِلٹ آپریٹ بنیادوں پر مکمل ہوگا۔
ایکنک نے راولپنڈی لئی ایکسپریس وے منصوبے کی منظوری دی ہے، جس پر 24 ارب 96 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی منظوری بھی دی گئی، اس پر 23 ارب 60 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
ایکنک اجلاس میں جنوبی پنجاب کے غربت مکاؤ پروگرام کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق جنوبی پنجاب کے 10 اضلاع کے لیے 25 ارب 24 کروڑ روپے کا پروگرام شروع ہوگا۔
ایکنک اجلاس میں تھل کینال فیز 2 منصوبے کی منظوری ایک بار پھر موخر کرتے ہوئے صوبہ سندھ کی سفارشات کو شامل کرنے کی ہدایت کردی۔
