اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر بعد اسلام آباد میں ہوگا۔ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کے مرکزی دفتر کوہسار بلاک میں ہوگا جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی اسلام آباد کے ممبران شریک ہوں گے جبکہ محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں جدید آلات کے ذریعے شوال کا چاند دیکھا جائے گا اور بعد از مغرب اجلاس میں ملک بھر سے شہادتوں کا بھی انتظار کیا جائے گا۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی صوبائی دارالحکومتوں میں ہوں گے۔
اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند نظرآنے یا نہ آنے کا اعلان کرے گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں تاہم بلوچستان کے مختلف شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایاکہ کوئٹہ میں مطلع جزوی ابرآلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکان کم ہے، صوبے میں جہاں مطلع صاف ہے وہاں چاند نظر آنے کا امکان ہے۔





