اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قوم سے معافی مانگیں تب معاملات آگے بڑھیں گے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکومت سے تحفظات نئے نہیں ہیں جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں باقاعدہ تحریری معاہدہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے طے کیا تھا کہ ہم پارلیمان میں حکومت کو سپورٹ کریں گے اور آج بھی دونوں ہاؤسز میں کورم ہم ہی پورا کرتے ہیں۔ ہمیں اقتدار کی کوئی ہوس نہیں لیکن ہم نے جو وعدہ کیا ہے اس پر پورا عمل کریں گے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ ہم بوجھ نہیں اٹھا رہے ہیں بلکہ پنجاب اسپیس لینے کا ایک حصہ تھا۔ وزیر اعظم کی نیت پر کوئی شک نہیں لیکن ہم کب تک کمیٹی کمیٹی کھیلتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک غیر مستحکم ہو بلکہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ملک میں استحکام آئے اور آگے بڑھے۔ بار بار بات وزیر اعظم تک لے کر نہیں جانی چاہیے۔ ہم تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے آئین شکنی نہیں کرتے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگیں تب معاملات آگے بڑھیں گے۔





