مظفر گڑھ :عید الاضحی سے دو روز قبل تھانہ سنانواں کی حدود اڈا پٹھان ہوٹل میں لکی ایرانی سرکس کے فنکاروں پر ہوٹل ملازمین کے تشدد کا معاملہ، سرکس میں کام کرنے والی یوکرائنی خاتون فنکارہ اوکسانہ فیملی سمیت زخمی ،9 سالہ بیٹے کی آنکھ ضائع ہو گئی ۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سنانواں کی حدود اڈا پٹھان ہوٹل میں لکی ایرانی سرکس کے ملازمین کی چائے کے ریٹ کے فرق پر ہوٹل ملازمین سے تکرار ہوئی جوہاتھا پائی میں بدل گئی ۔ ہوٹل ملازمین کی جانب سے سرکس ملازمین پر تشدد اور فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں یوکرائنی فنکارہ اوکسانہ اور سرکس ملازمین زخمی ہو گئے۔
اوکسانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ان کے9سالہ بیٹے کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی ہے ۔ اوکسانہ کا مد دکی اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب پولیس ان کی مدد نہیں کر رہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی نہیں سنتا ، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور آئی جی پنجاب ہماری داد رسی کریں ۔ اوکسانہ کا کہنا تھا کہ ہوٹل کے پٹھا ن ملازمین نے ہم پر سیدھی فائرنگ کی اور اور سر پر راڈ مارے گئے ، ہمیں انصاف چاہئے ۔
اس حوالے سے ترجمان مظفر گڑھ پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ سنانواں میں ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تھانہ سنانواں پولیس نے فوری ریسپانڈ کر کے موقع سے ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا جبکہ مختلف ریڈز کر کے 4 میں سے 3 ملزمان کو گرفتار کیاجا چکا ہے تاہم ایک ملزم نے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔
مقدمہ کی تفتیش ڈی ایس پی سنانواں کی نگرانی میں کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سرکس کی ملازم یوکرائنی خاتون کے پولیس سے تعاون نا کرنے کا الزام بے بنیاد ہے،ڈی پی او کی ہدایات پر مقدمہ کی تفتیش کی تکمیل میرٹ پر کی جائیگی۔
دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ کا موقف بھی سامنے آ گیا ، ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لکی ایرانی سرکس کے تقریباً تیس افراد کھانا کھانے کیلئے آئے ، کھانا کھانے کے بعد فی ٹیبل تین ہزار روپے بل بنا جبکہ اس دوران یہ سب لوگ پیسے اکٹھے کرنے لگے کہ فلاں کے ذمہ اتنا بنتے ہیں اور فلاں کے ذمہ اتنا ۔
پیسے اکٹھے کرنے کے معاملہ پر لکی ایرانی سرکس والوں کی آپس میں لڑائی ہوگئی اور جب لڑائی کے دوران ایک دوسرے کو مارنے کیلئے ان لوگوں نے ہمارے برتن ، ودیگر دوسری اشیاء کا استعمال کیا تو تب ہوٹل میں موجود ایک مالک اور چار ملازمین نے سامان کی حفاظت کیلئے انہیں لڑائی سے روکا ، اس دوران یہ آپس کی لڑائی چھوڑ کر ہمارے ساتھ لڑنے لگے اور روڈ بلاک کر دیا ۔
بچے کی آنکھ بھی ان کی آپس کی لڑائی کی وجہ سے ضائع ہوئی ہے ، پولیس کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال بھی ہوٹل انتظامیہ نے کی جب پولیس موقع پر پہنچی اور روڈ کلئیر کرانے کے بعد الٹا کاروائی بھی ہمارے خلاف کی ، ہمارے افراد دلشاد ، خان محمد ، جمال ، ہوٹل مالک صمد خان ،آصف ، رحمان ، فیاض ، گرفتار ہیں ۔
