ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ایک کبوتر کو پکڑا جو جموں ریلوے اسٹیشن کو اُڑانے کی دھمکی آمیز چٹھی لے جا رہا تھا۔ یہ کبوتر ضلع جموں کے آر ایس پورہ کے سرحدی علاقے سے پکڑا گیا جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق : یہ کبوتر، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ پاکستان سے آیا تھا، 18 اگست کو کتمریا علاقے میں بین الاقوامی سرحد کے قریب رات 9 بجے پکڑا گیا۔ اس کی پنجوں سے ایک پرچی بندھی ہوئی ملی جس میں جموں ریلوے اسٹیشن کو اُڑانے کا پیغام درج تھا۔
حکام نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایک کبوتر کو دھمکی آمیز خط کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔ اس سے قبل سرحد کے قریب مختلف پیغامات کے ساتھ غبارے، جھنڈے اور کبوتر پکڑے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ایجنسیاں یہ تحقیقات کر رہی ہیں کہ آیا یہ محض شرارت ہے یا کوئی باقاعدہ منصوبہ بند سازش۔چٹھی پر لکھا پیغام ایک دھمکی آمیز نوٹ تھا، جس میں ریلوے اسٹیشن کو آئی ای ڈی (IED) سے اُڑانے کی بات لکھی گئی تھی۔ یہ اردو اور انگریزی میں لکھا گیا تھا، اور اس میں "کشمیر فریڈم” اور "وقت آ گیا ہے” جیسے جملے بھی درج تھے۔
واقعے کے بعد، ریلوے اسٹیشن اور پٹریوں کے اردگرد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی، ڈاگ اسکواڈز اور بم ڈسپوزل ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا۔ مقامی پولیس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔