آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے مضافاتی علاقے سالزبری میں ایک خوفناک کار حادثے میں 37 سالہ بھارتی نژاد شخص جگسیر بپورائی ہلاک ہوگیا۔ وہ چند ہی ہفتوں بعد بھارت واپس جا کر اپنی منگیتر سے شادی کرنے والا تھا۔
7 نیوز کے مطابق بپورائی، جو کنکریٹ ٹرک ڈرائیور تھا، اپنی ہونڈا سیڈان کار پر قابو نہ رکھ سکا۔ گاڑی سڑک سے ہٹ کر پہلے ایک درخت، پھر بس شیلٹر اور اس کے بعد بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی۔
بپو رائی کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی تیز سپیڈ کے دوران ہونےوالا حادثہ جان لیوا ثابت ہوا اور اور بپو رائی کو بچایا نہ جا سکا ۔
کنکریٹ ٹرک ڈرائیور بپورائی اپنے بھائی کے ساتھ دسمبر میں بھارت واپس جانے کے لیے پیسے جمع کر رہا تھا، جہاں وہ اپنی منگیتر سے مل کر شادی کرنے والا تھا۔
اس حادثے نے سالزبری کی کمیونٹی کو بھی ہلا کر رکھ دیا جہاں بپورائی رہتا تھا۔ مقامی رہائشی دہسک لال نے نائن نیوز کو بتایا: ’’میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس کی منگیتر پر کیا گزر رہی ہوگی۔ وہ اپنی زندگی کے سب سے خوشگوار لمحے کے چند دن یا مہینے قریب تھے، اور اب یہ سب چھن گیا۔‘‘
خوفناک حادثے سے آس پاس کے گھروں اور کاروبار میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جبکہ بجلی کا کھمبا 90 ڈگری جھک گیا۔
حادثے کے چند گھنٹے بعد بپورائی کا غم سے نڈھال بھائی، کزن اور دوست جائے حادثہ پر پہنچے تاہم اب ان کے پاس سوائے بپو رائی کی یادوں کے اور کچھ باقی نہیں ۔





