تقریباً ہر پانچ میں سے ایک غیر ملکی یعنی تقریباً 19 فیصد نے مستقل طور پر متحدہ عرب امارات میں رہنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجوہات ملک کا بلند معیارِ زندگی، حفاظت و سلامتی اور آسان طرزِ سکونت ہیں۔
انٹرنیشنز (InterNations) کی جانب سے منگل کو جاری کردہ ایکسپیٹ انسائیڈر 2025 سروے کے مطابق 18 فیصد غیر ملکی آئندہ بھی ملک میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جب کہ 39 فیصد نے اپنے طویل المدتی منصوبوں کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا۔
اس سروے کے مجموعی انڈیکس میں یو اے ای رہنے کے لیے دنیا کے بہترین ممالک میں ساتویں نمبر پر رہا۔ 190 سے زائد قومیتوں کا مسکن یہ ملک غیر ملکی پیشہ ور افراد، سرمایہ کاروں اور دولت مند افراد کو خصوصاً کووِڈ کے بعد کے دور میں اپنی جانب متوجہ کرتا رہا ہے۔ 1 کروڑ 10 لاکھ سے زائد آبادی میں 80 فیصد سے زیادہ غیر ملکی ہیں۔
حکومت نے طویل مدتی رہائشی پروگرام بھی متعارف کروائے ہیں جن میں ریٹائرمنٹ ویزا، گولڈن ویزا اور بلیو ویزا شامل ہیں، جو پیشہ ور افراد اور سرمایہ کاروں کے لیے مخصوص ہیں۔
سالانہ انٹرنیشنز سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ یو اے ای میں غیر ملکیوں کو سب سے زیادہ ملازمت دینے والے تین شعبے مالیات، ہاسپٹیلٹی (مہمان نوازی)، اور تعمیرات ہیں۔ ملک میں آنے کی سب سے بڑی وجوہات روزگار کے مواقع، بین الاقوامی بھرتی، اور بہتر معیارِ زندگی کی تلاش ہیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ غیر ملکی ضروری سہولیات جیسے رہائش، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، اور انتظامی خدمات کے حوالے سے یو اے ای کو دنیا کا بہترین ملک قرار دیا گیا، جب کہ معیارِ زندگی کے اعتبار سے یہ دوسرے نمبر پر رہا۔
انفرادی زمروں میں، غیر ملکیوں نے یو اے ای کو حفاظت اور سلامتی کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر رکھا، اور تفریحی مواقع کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر۔
انٹرنیشنز، جو 57 لاکھ سے زیادہ اراکین کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہے، 2014 سے ایکسپیٹ انسائیڈر سروے کر رہی ہے۔ اس سال 10 ہزار سے زائد افراد، جو 172 قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں اور 46 ممالک میں مقیم ہیں، نے اپنے تجربات شیئر کیے۔
یو اے ای نے اسپین، امریکا، برطانیہ، ڈنمارک، آسٹریا، لکسمبرگ، سنگاپور، سویڈن اور ناروے جیسے بڑے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔
2025 کی فہرست میں غیر ملکیوں کیلئے دنیا کے دس بہترین ممالک یہ ہیں ۔۔
پاناما، کولمبیا، میکسیکو، تھائی لینڈ، ویتنام، چین، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، اسپین اور ملیشیا۔جبکہ فہرست کے آخر میں شامل ممالک جنہیں غیر ملکیوں نے سب سے کم سازگار قرار دیا میں کویت، ترکیہ، جنوبی کوریا، فن لینڈ، جرمنی، برطانیہ، کینیڈا، ناروے، سویڈن اور اٹلی شامل ہیں۔





