بھارت کے سابق کرکٹر شیکھر دھون کو جمعرات کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک غیر قانونی بیٹنگ ایپ سے جڑی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
شیکھر دھون کا بیان ای ڈی منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) کے تحت ریکارڈ کرے گی۔ یہ تحقیقات ایک "غیر قانونی” بیٹنگ ایپ 1xBet سے جڑی ہوئی ہیں۔
39 سالہ سابق بھارتی بلے باز کا نام اس ایپ سے کچھ اشتہارات اور پروموشنز کے ذریعے جڑا سمجھا جا رہا ہے۔ ای ڈی ان کے تعلقات کو واضح کرنا چاہتی ہے۔
یہ مرکزی ایجنسی غیر قانونی بیٹنگ ایپس کے کئی کیسز کی جانچ کر رہی ہے، جو مبینہ طور پر لاکھوں افراد اور سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا چکی ہیں یا بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری میں ملوث رہی ہیں۔
گزشتہ ماہ، ایجنسی نے سابق کرکٹر سریش رائنا کو بھی اسی معاملے میں سوالات کے لیے بلایا تھا۔ای ڈی نے 38 سالہ سریش رائنا سے آٹھ گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی تھی۔ ان کا بیان بھی PMLA کے تحت ریکارڈ کیا گیا۔ رائنا کا تعلق بھی 1xBet ایپ کی تشہیر سے سمجھا جا رہا ہے ۔
ایجنسی نے حال ہی میں گوگل اور میٹا کے نمائندوں کو بھی اس تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا۔ اس کے علاوہ منگل کو ایجنسی نے ایک اور بیٹنگ ایپ Parimatch کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی ریاستوں میں چھاپے مارے۔
ای ڈی کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی بیٹنگ ایپس ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کو دھوکہ دے کر یا ٹیکس چوری کے ذریعے بڑے مالی گھوٹالوں میں ملوث ہیں۔
بھارت میں آن لائن بیٹنگ مارکیٹ
تحقیقات اور مارکیٹ ریسرچ کے مطابق بھارت میں تقریباً 22 کروڑ صارفین مختلف بیٹنگ ایپس استعمال کرتے ہیں، جن میں سے آدھے (یعنی تقریباً 11 کروڑ) باقاعدگی سے ان کا استعمال کرتے ہیں۔
بھارت میں آن لائن بیٹنگ مارکیٹ کی مالیت 100 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ بتائی جاتی ہے اور یہ سالانہ 30 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔