دبئی: کیرالہ کے کولم میں کیے گئے دوبارہ پوسٹ مارٹم نے اتھولیا شیکھر کے کیس میں نئے انکشافات کیے ہیں۔ اتھولیا، جو شارجہ میں مقیم ایک بھارتی خاتون تھیں، اپنی 30ویں سالگرہ کے دن اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں، جو ان کی نئی ملازمت کا پہلا دن بھی تھا۔
منورما نیوز کی رپورٹ کے مطابق، دوبارہ پوسٹ مارٹم میں ان کے جسم پر 46 زخم پائے گئے جو ہلکے سے لے کر شدید نوعیت تک تھے۔ کئی چوٹیں موت سے چند گھنٹے یا کئی دن پہلے لگائی گئی تھیں۔
اہم انکشاف یہ ہے کہ موت کی اصل وجہ گلا گھونٹنا ثابت ہوئی، جس سے قتل یا خودکشی دونوں امکانات کھل گئے۔ متحدہ عرب امارات میں کیے گئے پہلے پوسٹ مارٹم میں موت کی وجہ پھانسی بتائی گئی تھی، جس سے خاندان کے شبہات مزید گہرے ہوگئے۔ مختلف اوقات میں لگنے والے زخموں اور گلا گھونٹنے کے نتیجے نے اس کیس کی جامع تفتیش کے مطالبے کو مزید تقویت دی ہے۔
نئے شواہد کے باوجود کیرالہ کرائم برانچ اب بھی موت کو خودکشی قرار دے رہی ہے کیونکہ انہیں ابھی تک یو اے ای سے مکمل پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول نہیں ہوئی تھی۔ یو اے ای نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ پھانسی درج کی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق، پچھلے ہفتے عدالت میں اتھولیا کے اہلخانہ نے بتایا کہ ان کے پاس ایسی ویڈیوز ہیں جن میں ستییش نے قتل کی دھمکیاں دی ہیں، اور یہ ویڈیوز موت سے چند دن پہلے ریکارڈ کی گئیں۔ ان ویڈیوز میں اتھولیا نے کہا تھا کہ وہ دس سال سے ظلم سہہ رہی ہیں۔
ریپورٹر ٹی وی پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ستییش بار بار گالیاں اور دھمکیاں دے رہا ہے۔ جب اتھولیا نے ہراسانی کو ریکارڈ کرنے کی کوشش کی تو اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ فوٹیج میں وہ میز کے گرد دوڑنے پر مجبور کی گئی، مارا پیٹا گیا اور روتی ہوئی نظر آئیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شوہر کہہ رہا ہے ، کہاں جاؤ گی؟ میں تمہیں کہیں جانے نہیں دوں گا… میں تمہیں چاقو مار کر قتل کر دوں گا… میں تمہیں قتل کرنے کے لیے آدمی رکھوں گا، چاہے مجھے اس میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ خرچ کرنا پڑے ۔
اضافی فوٹیج بھی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے، جس میں اتھولیا پر مزید تشدد دکھایا گیا ہے۔
اہلخانہ نے عدالت میں کہا کہ ستییش نے بیلٹ سے بھی اتھولیا پر حملہ کیا تھا، اور اس کی ضمانت منسوخ کرنے کی اپیل کی، جبکہ دفاع نے کہا کہ فوٹیج پرانی ہے۔ خاندان نے اتھولیا کا موبائل فون پولیس کے حوالے کر دیا تاکہ مزید شواہد سامنے آ سکیں۔ ستییش نے فون کھولنے کی کوشش کی لیکن بار بار غلط پاس ورڈ ڈالنے سے وہ بلاک ہوگیا۔
تشدد کی ویڈیوز منظرعام پر آنے کے بعد ستییش کو دبئی میں سائٹ انجینئر کی نوکری سے بھی برطرف کر دیا گیاہے ۔
ستییش کو 10 اگست کو ترواننتھ پورم ایئرپورٹ سے یو اے ای سے واپسی پر حراست میں لیا گیا تھا مگر بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ اہلخانہ نے دوبارہ پوسٹ مارٹم اور تشدد کی فوٹیج کی بنیاد پر ضمانت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گھریلو اور نفسیاتی تشدد نے اتھولیا کو موت کی طرف دھکیلا۔ کیس اب بھی کرائم برانچ کی تفتیش میں ہے۔