رپورٹ : رافعہ زاہد
لبرل ڈیموکریٹس کے قائد سر ایڈ ڈیوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک کو بچوں کے تحفظ میں ناکامی اور آن لائن نقصان کو فروغ دینے پر “مجرم” قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے پروگرام سنڈے مارننگ ود ٹریور فلپس میں گفتگو کرتے ہوئے سر ایڈ ڈیوی نے کہا کہ ایلون مسک اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے “تشدد کو ہوا دے رہے ہیں” اور بچوں کو نقصان دہ مواد سے بچانے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آن لائن سیفٹی ایکٹ کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں پر بچوں کے تحفظ کی قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں ان کے ڈائریکٹرز کے خلاف فوجداری کارروائی کی جاسکتی ہے۔
سر ایڈ ڈیوی نے کہا:“یہ صرف تشدد بھڑکانے کے بیانات ہی نہیں بلکہ ان کے پلیٹ فارم پر ایسے مواد کی موجودگی انتہائی خطرناک ہے جو بچوں کو خودکشی پر اکساتا ہے، انہیں استحصال کا نشانہ بناتا ہے اور یہاں تک کہ بچوں کے جنسی استحصال کی ویڈیوز کی فروخت تک کی جاتی ہے۔ مسک کو اس کے لیے ذاتی طور پر جوابدہ ہونا چاہیے۔
”ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایلون مسک برطانیہ آئیں تو انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے۔یہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب گذشتہ ہفتے لندن میں ٹومی رابنسن کے زیر اہتمام ریلی کے دوران ایلون مسک نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ اگر صورتحال جاری رہی تو “تشدد سب تک پہنچے گا” اور لوگوں کو یا تو لڑنا پڑے گا یا مرنا ہوگا۔سر ایڈ ڈیوی نے انکشاف کیا کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد کئی بچوں کے تحفظ کی ٹیمیں برطرف کر دی تھیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ صرف “اپنے بینک اکاؤنٹ” میں دلچسپی رکھتے ہیں، عوام کے تحفظ میں نہیں۔
ادھر آف کام، برطانیہ کا آزاد ریگولیٹری ادارہ، نے ایکس پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد کی نگرانی میں ناکامی پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ لبرل ڈیموکریٹس کے سربراہ نے ایلون مسک کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔
رواں برس فروری میں بھی انہوں نے امریکی سفیر کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا تھا جب ایک امریکی عہدیدار نے برطانوی حکومت کے خاتمے کا عندیہ دیا تھا۔ اس وقت مسک نے سر ایڈ کو “بزدل مخلوق” کہہ کر جواب دیا تھا۔
سر ایڈ ڈیوی منگل کو اپنی کانفرنس سے خطاب میں ایلون مسک کی گرفتاری کا دوبارہ مطالبہ کریں گے اور ان پر الزام لگائیں گے کہ وہ صرف “اپنی انا، طاقت اور دولت” کے لیے برطانوی عوام کے حقوق کو نظرانداز کر رہے ہیں۔
دوسری جانب لبرل ڈیموکریٹس ایوانِ کامنز میں ایک قرار داد بھی پیش کریں گے جس میں ایلون مسک کو طلب کرکے ان کے رویے پر سرزنش کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ادھر ایکس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے پلیٹ فارم پر “بچوں کے جنسی استحصال کے مواد کے لیے صفر برداشت کی پالیسی” ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے





