گلف نیو زکی رپورٹ کے مطابق دبئی کی میسڈیمینر کورٹ نے ایک خاتون کو شراب پی کر ڈرائیونگ کرتے ہوئے جان لیوا حادثہ کرنے پر مجرم قرار دیا ہے اور اسے 10 ہزار درہم جرمانہ اور مقتول کے اہلِ خانہ کو 2 لاکھ درہم دیت ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے خاتون کو متعدد گاڑیوں کے تصادم میں ہونے والے نقصان کا بھی ذمہ دار ٹھہرایا۔ یہ حادثہ رات گئے پیش آیا جب ایک عرب خاتون نے شراب پینے کے بعد القُدرہ علاقے کی ایک دو طرفہ سڑک پر گاڑی چلائی۔ وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکی اور ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی، جو پہلے ایک اسٹریٹ لائٹ اور کھڑی ہوئی گاڑی سے ٹکرائی اور پھر ایک تیسری گاڑی سے جا ٹکرائی۔ اس کے بعد خاتون کی گاڑی دوبارہ بے قابو ہو کر تین پیدل چلنے والوں سے ٹکرا گئی۔ ان میں سے ایک شدید زخموں کے باعث جان کی بازی ہار گیا، جبکہ دیگر دو مختلف نوعیت کے زخموں کا شکار ہوئے۔
طبی رپورٹس نے تصدیق کی کہ حادثے کے وقت خاتون شراب کے زیرِ اثر تھی، جس کا اعتراف اس نے پولیس تفتیش کے دوران بھی کیا۔ اس نے حکام کو بتایا کہ وہ اس وقت حیران رہ گئی جب سڑک کے بیچ میں پیدل چلنے والوں کو پایا۔
عدالت نے اسے حادثے کی ذمہ دار قرار دیا اور نشے کی حالت اور احتیاط نہ برتنے کو بنیادی وجہ بتایا۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ زندہ بچ جانے والے دونوں پیدل چلنے والے بھی جزوی طور پر حادثے کے ذمہ دار تھے کیونکہ وہ مقررہ کراسنگ ایریا کے بجائے سڑک پر کھڑے تھے، جس سے انہوں نے اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالا۔ جرمانے اور دیت کے علاوہ، عدالت نے اسے حادثے میں شامل گاڑیوں کے نقصانات کی بھی ذمہ دار ٹھہرایا۔