شاہ رخ خان بالآخر ارب پتی بن گئے۔ فلم انڈسٹری میں 33 سال گزارنے کے بعد یہ سپر اسٹار اب 1.4 بلین ڈالر (تقریباً 12 ہزار 490کروڑ) کی حیران کن دولت کے مالک ہیں۔ یہ انکشاف حُرون انڈیا رچ لسٹ 2025 میں کیا گیا ہے جو یکم اکتوبر کو جاری ہوئی۔
شاہ رخ خان اپنی پوزیشن بھارت کے سب سے امیر اداکار کے طور پر برقرار رکھے ہوئے ہیں اور عالمی سطح پر بھی کئی درجے اوپر پہنچ گئے ہیں۔
فہرست کے مطابق بالی ووڈ کے بادشاہ، شاہ رخ خان پہلی بار ارب پتی کلب میں شامل ہو گئے ہیں، جن کی دولت کا تخمینہ 12ہزار 490 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
اب شاہ رخ خان کئی بین الاقوامی ستاروں سے زیادہ امیر ہیں، جن میں شامل ہیں:
ٹیلر سوئفٹ (1.3 بلین ڈالر )
آرنلڈ شوارزنیگر (1.2بلین ڈالر )
جیری سینفیلڈ (1.2بلین ڈالر )
سلینا گومز (720 ملین ڈالر )
ٹام کروز ( 600ملین ڈالر )
شاہ رخ خان کئی سالوں سے بھارت کے سب سے امیر اداکار ہیں، لیکن نئی فہرست کے مطابق اب ان کے اور دوسرے امیر ترین اداکار کے درمیان فرق مزید بڑھ گیا ہے۔ ان کی بزنس پارٹنر جوہی چاولہ اور ان کا خاندان فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جن کی دولت تقریباً 7790 کروڑ ہے۔ ہریتھک روشن تیسرے نمبر پر ہیں، جو کافی پیچھے ہیں، ان کی دولت کا تخمینہ صرف2160 کروڑ لگایا گیا ہے۔
یہ دولت مندوں کی فہرست ہر سال حُرون ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال شاہ رخ خان بھی اداکاروں میں پہلے نمبر پر تھے، مگر اس وقت ان کی مجموعی دولت $870 ملین تھی۔ نئی فہرست میں 1.4 بلین ڈالر کی دولت نے شاہ رخ خان کو دنیا کا سب سے امیر اداکار بنا دیا ہے، جن کی بنیادی آمدنی فلموں سے آتی ہے۔
شاہ رخ خان، جو قریب تین دہائیوں سے ہندی سنیما کا سب سے بڑا نام ہیں، نے اپنی دولت میں نمایاں اضافہ اپنی سرمایہ کاریوں کے ذریعے کیا ہے۔ ان کی سرمایہ کاری میں ریڈ چِلّیز پروڈکشن ہاؤس اور وی ایف ایکس اسٹوڈیو شامل ہیں، اس کے علاوہ دنیا کے مختلف حصوں میں کئی کرکٹ ٹیمیں بھی ان کی ملکیت ہیں۔ اداکار کی مشرقِ وسطیٰ میں بھی بڑی جائیدادیں ہیں۔