کئی سالوں سے ان کے تعلقات کے بارے میں گردش کرتی افواہوں کے بعد، بالآخر وجے دیوراکونڈا اور راشمیکا مندنا نے اپنے رشتے کو باضابطہ شکل دے دی ہے۔ دونوں کی منگنی ہو چکی ہے۔ ابتدا میں ان کی منگنی کی افواہوں نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا تھا، لیکن اب "کنگڈم” اداکار کی ٹیم نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق، وجے دیوراکونڈا کی ٹیم نے ہفتے کی صبح سرکاری طور پر وجے اور راشمیکا مندنا کی منگنی کی تصدیق کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اداکار کی ٹیم نے تقریب کے حوالے سے زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کیں کیونکہ یہ ایک نجی تقریب تھی۔
رپورٹ کے مطابق، وجے کی ٹیم نے مزید بتایا کہ دونوں کی شادی فروری 2026 میں ہوگی۔ تاہم، دونوں اداکاروں نے اب تک اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کوئی پوسٹ یا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔نہ راشمیکا اور نہ ہی وجے نے اپنی منگنی سے متعلق کوئی بیان یا پوسٹ شیئر کی ہے۔
وجے دیوراکونڈا اور راشمیکا مندنا کے بارے میں 2018 سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رشتے میں ہیں۔ دونوں نے پہلی بار فلم "گیتا گوندم” میں ایک ساتھ کام کیا، جو اسی سال ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے فلم "ڈیئر کامریڈ” میں بھی مرکزی کردار ادا کیے۔ دونوں فلموں نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی۔
حال ہی میں راشمیکا اور وجے کو نیویارک میں منعقد ہونے والی 43ویں انڈیا ڈے پریڈ کے موقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔دونوں نے وہاں ایک اور ایونٹ "بھارت بیونڈ بارڈرز” میں بھی شرکت کی۔
عام طور پر یہ جوڑا ایک ساتھ نظر آنے سے گریز کرتا ہے، لیکن اس بار نیویارک میں وہ ایک ساتھ ایونٹس میں شریک ہوئے، جس سے یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ چونکہ وہ منگنی کرنے والے تھے، اس لیے شاید وہ عوامی طور پر اپنے رشتے کے اشارے دے رہے تھے۔
دریں اثنا، 2024 میں دونوں اداکاروں نے الگ الگ انٹرویوز میں کہا تھا کہ وہ "سنگل نہیں ہیں”، تاہم انہوں نے اپنے ساتھیوں کے نام ظاہر نہیں کیے تھے۔
راشمیکا مندنا جلد ہی فلم "تھمّا” میں نظر آئیں گی، جس میں ان کے ساتھ آیوشمان کھرانہ، نوازالدین صدیقی، اور پریش راول بھی شامل ہوں گے۔ یہ فلم دیوالی 2025 میں ریلیز کی جائے گی۔
اس کے علاوہ وہ شاہد کپور اور کریتی سینن کے ساتھ فلم کاک ٹیل 2 میں بھی اداکاری کریں گی۔
وجے دیوراکونڈا کی بات کی جائے تو وہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم "کنگڈم” میں نظر آئے تھے۔