احمد آباد: ایک ڈرامائی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں ایک شخص کو اپنی کار کی سن روف سے چاقو لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جو مبینہ طور پر ایک حادثہ کرنے کے بعد ہجوم کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ واقعہ منگل کی رات دیر گئے سبرمتی کے گیتانجلی فلیٹس کے قریب ڈی-کیبن علاقے میں پیش آیا۔
یہ ویڈیو جمعے کے روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔سبرمتی پولیس کے ذرائع کے مطابق، یہ کار تیز رفتاری سے رہائشی علاقے سے گزرتے ہوئے ایک دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بعد علاقے کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔
جب صورتحال کشیدہ ہوئی تو ملزم بھاسکر ویاس نے مبینہ طور پر اپنی کار کی سن روف کھولی اور چاقو لہرا کر لوگوں کو دھمکانے لگا جس پر غصے میں بھرے ہوئے مقامی لوگوں نے جوابی طور پر اس کی گاڑی پر پتھراؤ کیا۔واقعے کی ویڈیو دو دن بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، سبرمتی پولیس نے ملزم بھاسکر ویاس (جو ڈی-کیبن کے ہری اوم پارٹ-1 کا رہائشی ہے) کو تلاش کر کے گرفتار کر لیا اور چاقو بھی برآمد کر لیا۔پولیس نے اس کے خلاف پابندی والے ہتھیار رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
افسران کے مطابق، اگرچہ جائیداد کو نقصان پہنچا اور ویڈیو میں لاپرواہ ڈرائیونگ واضح طور پر نظر آتی ہے، تاہم حادثے سے متعلق کوئی باقاعدہ مقدمہ ابھی تک ایل ڈویژن ٹریفک پولیس اسٹیشن میں درج نہیں کیا گیا۔