ہریانہ: آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کی خودکشی، کوئی نوٹ برآمد نہیں ، پولیس وجوہات کی تلاش میں مصروف
گڑگاؤں: ایک افسوسناک واقعے میں، ہریانہ کے سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار، جو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ADGP) کے عہدے پر فائز تھے، نے مبینہ طور پر منگل کے روز چندی گڑھ کے سیکٹر 11 میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خودکشی کر لی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، کمار نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا۔
اطلاع ملنے پر چندی گڑھ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور واقعے میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد کر لیا۔فارنزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور شواہد کا جائزہ لے رہی ہیں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا:“تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ہم شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور اہلِ خانہ و عملے کے بیانات ریکارڈ کر رہے ہیں۔ واقعے کی اصل وجہ مزید تفتیش کے بعد سامنے آئے گی۔”
کمار کی اہلیہ، امنییت پی کمار جو خود ایک سینئر آئی اے ایس افسر ہیں اس وقت ہریانہ کے وزیراعلیٰ نیاب سنگھ سینی کی سربراہی میں جاپان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
وائی پورن کمار، جو ہریانہ کیڈر کے سینئر پولیس افسر تھے، کو حال ہی میں 29 ستمبر کو روہتک کی سناریا جیل میں تعینات کیا گیا تھا۔
یہ وہی جیل ہے جہاں ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ مختلف جنسی زیادتی اور دیگر مقدمات میں سزا کاٹ رہے ہیں۔
کمار کی اچانک موت نے پولیس محکمے میں صدمے کی لہر دوڑا دی۔ ہریانہ پولیس اور چندی گڑھ انتظامیہ کے متعدد سینئر افسران خبر ملتے ہی ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔
حکام اس امکان کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا حالیہ پیشہ ورانہ تبادلے یا ذاتی وجوہات نے اس افسوسناک قدم میں کوئی کردار ادا کیا۔
پولیس کے مطابق، نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے۔ابھی تک جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی کا نوٹ برآمد نہیں ہوا۔