پنجابی موسیقی کے معروف گلوکار راجویر جوانڈا بدھ کی صبح انتقال کر گئے۔ وہ چنڈی گڑھ میں ایک سڑک حادثے کے بعد 11 دن تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہے۔
35 سالہ راجویر جوانڈا گزشتہ ماہ ایک حادثے میں زخمی ہوئے تھے اور موہالی کے فورٹیس اسپتال میں انتہائی نازک حالت میں زیر علاج تھے۔ مگر بدقسمتی سے وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور 8 اکتوبر 2025 کی صبح اسپتال میں دم توڑ گئے۔
حادثہ 27 ستمبر کو پیش آیا جب ان کی موٹر سائیکل اچانک سڑک پر آئے آوارہ مویشیوں سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں ان کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو شدید چوٹیں آئیں۔
ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو “انتہائی نازک” قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے دماغ میں “انتہائی کم سرگرمی” ہے اور کوئی خاص بہتری نہیں ہو رہی۔ وہ مسلسل وینٹی لیٹر سپورٹ پر تھے۔
راجویر کے انتقال کی خبر آتے ہی فلمی، سیاسی اور موسیقی کی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
اداکارہ نیرو باجوا نے انسٹاگرام پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا:بہت جلدی چلے گئے۔بعد میں انہوں نے یہ پوسٹ حذف کر دی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا نے ایکس پر لکھا
“راجویر جوانڈا کے اچانک انتقال کی خبر دل توڑ دینے والی ہے۔ کئی دنوں تک بہادری سے لڑنے کے بعد وہ ہمیں چھوڑ گئے۔ آپ کی روحانی آواز اور پرجوش شخصیت ہمیشہ ہمارے دلوں میں گونجتی رہے گی۔
پنجاب بی جے پی کے نائب صدر فتح جنگ سنگھ باجوا نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“راجویر جوانڈا جی کے انتقال پر دل گرفتہ ہوں۔ ہم سب نے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی تھی، مگر قسمت کو کچھ اور منظور تھا۔ میری دلی ہمدردی ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں کے ساتھ ہے۔
عام آدمی پارٹی کے رہنما منیش سسودیا نے ٹویٹ کیا:
“راجویر جوانڈا کے اچانک انتقال پر گہرا دکھ ہے۔ وہ بہت جلد چلے گئے، مگر ان کی روحانی آواز ہمیشہ پنجاب کے ہر دل میں زندہ رہے گی۔ میری دلی تعزیت ان کے اہلِ خانہ اور لاکھوں مداحوں کے ساتھ ہے۔