یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے لیے لڑنے والے بھارتی نوجوان نے یوکرینی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
یوکرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت22 سالہ مجوتی ساحل محمد حسین کے طور پر ہوئی ہے جو گجرات کے موربی ضلع کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کےذرائع کا کہناہے کہ یوکرین میں بھارتی شہری کی گرفتاری کی رپورٹس ہیں، جس کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
گرفتار بھارتی شہری کا کہناہے کہ وہ منشیات کےمقدمے میں 7 سال سزا کا سامنا کررہا تھا، دورانِ قید روسی حکام نے سزا معاف کیے جانے کے بدلے اسے فوج میں شامل ہونے کی پیشکش کی جسےاس نےقبول کرلیا۔
اس نے کہا کہ اسے صرف 16 دن کی تربیت کے بعد یکم اکتوبر کو پہلی جنگی کارروائی میں بھیج دیا گیا، جہاں اس نے 3 دن لڑنے کے بعد، ایک کمانڈر سے جھگڑے کے نتیجے میں یوکرینی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
یاد رہے کہ اس سےقبل جرمن میڈیا نے 11 فروری کو رپورٹ کیا تھا کہ کم از کم 12 بھارتی شہری روس کے لیے یوکرین کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 16 لاپتا ہیں۔