چ
مغربی بنگال کے ضلع ہوگلی کے قصبے گوگھاٹ کے ایک چھوٹے سے گاؤں اگئی میں 22 سالہ شکھا کا خود کی عزتِ نفس مجروح ہونے سے بچانے کا خواب پورا ہو گیا ۔شکھا کون بنے گا کروڑپتی (KBC) سیزن 16 کے مقابلے میں شریک جینت دُلی کی بہن ہے۔

کئی سالوں تک شکھا کو گاؤں کے تالاب میں نہانے کی شرمندگی برداشت کرنی پڑی کیونکہ دُلی کے گھر میں واش روم یا باتھ روم موجود نہیں تھا۔ اس وجہ سے اس کی ماں روپا اور بہن دونوں کو کھلے عام نہانا پڑتا تھا۔

مگر اب روپا اور شکھا کی روزمرہ کی مشکلات ختم ہو گئی ہیں کیونکہ اب ان کے گھر میں نیا واش روم تعمیر کر دیا گیا ہے، جس کی دیوار پر لکھا ہے، مسٹر امیتابھ بچن کی جانب سے تحفہ ۔

یہ وعدہ امیتابھ بچن نے 2024 میں KBC کے ایک پروگرام میں کیا تھا جب جینت دُلی جو اس وقت شو کے پہلے ہفتے کے فاتح قرار پائے تھے نے اپنی خاندانی مشکلات بچن کے ساتھ شیئر کیں۔
شو کی یہ قسط 16 اگست 2024 کو نشر ہوئی تھی جس میں دُلی نے بتایا کہ اس کی ماں اور بہن کو کھلے میں نہانا پڑتا ہے۔

امیتابھ بچن اس کہانی سے گہرے طور پر متاثر ہوئے اور انہوں نے شو میں وعدہ کیا اس گیم کا نتیجہ کچھ بھی ہو، میں ذاتی طور پر تمہارے گھر میں باتھ روم بنوا کر دوں گا۔
دُلی نے شو سے 12.5 لاکھ روپے انعام جیتا، مگر اس کے لیے سب سے بڑی خوشی وہ لمحہ تھا جب "بگ بی” نے اپنا وعدہ پورا کیا۔
انہوں نے اکتوبر 2025 میں دُلی کے اکاؤنٹ میں 2 لاکھ روپے منتقل کیے تاکہ ان کے گھر میں واش روم تعمیر کیا جا سکے۔
شکھا نے اس قدم کو خواتین کی عزتِ نفس کے تحفظ کا عمل قرار دیا۔ اس کا کہنا تھا کہ میں برڈوان یونیورسٹی سے بنگالی میں ماسٹرز مکمل کر چکی ہوں اور اب D.El.Ed کورس میں داخلے کی منتظر ہوں۔ میری عمر کی عورت کے لیے گاؤں کے تالاب میں روز نہانا بہت شرمناک تھا۔
شکھا نے کہا کہ امیتابھ بچن کا ہماری مالی مدد کرنا صرف ایک بیت الخلا بنوانے کا معاملہ نہیں بلکہ خواتین کی عزت کے تحفظ کا اظہار ہے۔ ہم ان کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔
جینت دُلی کا کہنا تھا امیتابھ بچن سے ملنا میرا خواب تھا، اور وہ خواب سچ ہو گیا۔ جو انہوں نے ہمارے لیے کیا، وہ خواب سے بڑھ کر ہے۔
ان کے والد بھادو دُلی نے بھی امیتابھ بچن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ان کے خاندان کے لیے بے پناہ عزت اور خوشی کا باعث بنا ہے۔