قسمت نے کمال کا پلٹا کھایا جب راجستھان کے ضلع کوٹ پُتلی کے سبزی فروش امِت سہرا نے دوست سے صرف ایک ہزار روپے ادھار لیے، دو لاٹری ٹکٹ خریدے، اور ان میں سے ایک نے پنجاب اسٹیٹ لاٹری دیوالی بمپر 2025 میں 11 کروڑ روپے کا پہلا انعام جیت لیا۔ ایک لمحے میں اس کی زندگی معاشی تنگی سے نکل کر خوش قسمتی میں بدل گئی، مگر سب سے حیران کن بات یہ تھی کہ اس نے سب سے پہلے کس کا سوچا،اپنے دوست اور اس کی بیٹیوں کا۔
تفصیلات کے مطابق امِت اور اس کی بیوی نے پنجاب کے موگا میں دوست سے ہزار روپے ادھار لے کر دو لاٹری ٹکٹ خریدے۔بٹھنڈہ سے خریدا گیا 500 روپے والا ایک ٹکٹ 11 کروڑ کا نکلا جبکہ دوسرا ٹکٹ پر بھی وہ ایک ہزار روپے جیت گیا۔ انعام حاصل کرنے کیلئے امِت نے اپنے ضروری کاغذات لاٹری ڈپارٹمنٹ میں جمع کرا دیے ہیں۔
امِت کا اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا “میری خوشی بیان سے باہر ہے۔ میں پنجاب حکومت اور لاٹری ایجنسی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میری ساری پریشانی ختم ہو گئی ہے۔”
امت کا کہنا ہے کہ وہ سب سے پہلے وہ اپنے اس دوست کی دو بیٹیوں کو پچا س پچاس لاکھ روپے دیں گے، جس نے انہیں اییک ہزار روپے ادھار دیے تھے۔ امت کا کہنا تھا کہ “میری ماں نہیں رہی، اس لیے مجھے بیٹیوں کا درد سمجھ آتا ہے جبکہ باقی رقم وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر اور ایک گھر بنانے پر خرچ کریں گے۔
امِت کا ایک سبزی فروش سے 11 کروڑ کے لاٹری ونر بننا اس بات کی مثال ہے کہ قسمت جب چاہے، سب کچھ بدل دیتی ہے، مگر انسان کا دل اور نیت ہی اصل پہچان بن جاتی ہے۔





