العین میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 6 سالہ بچہ اپنے گھر کے داخلی دروازے کے قریب موجود پانی کے ٹینک میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
بچہ اپنی بہن کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔ والد نے کچھ دیر پہلے بچوں کو اندر لا کر دروازہ بند کیا تھا اور خود کام پر چلے گئے تھے، لیکن بچے دوبارہ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ والدہ گھر کے کام میں مصروف تھیں۔کچھ ہی لمحوں بعد بچہ، عیسیٰ، پانی سے بھرے ٹینک میں گر گیا اور ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔
بچے کی والدہ صدمے اور یقین نہ آنے کی کیفیت میں آ گئیں جب انہوں نے اپنے بیٹے کی ننھی لاش کو گھر کے قریب پانی کے ٹینک کی سطح پر تیرتا ہوا پایا۔عیسیٰ، جو محمد بن خالد پرائمری اسکول میں پہلی جماعت کا طالبعلم تھا، حادثے سے کچھ دیر قبل اپنی چھوٹی بہن کے ساتھ کھیل رہا تھا۔غم سے نڈھال والد، جو ایک امام اور قرآن کے استاد ہیں، نے بتایا کہ "سب کچھ چند منٹوں میں ہو گیا۔ میں اپنے بچوں، عیسیٰ اور مریم، کے ساتھ گھر کے سامنے کھیل رہا تھا۔ جب میں کام پر جانے لگا تو انہیں اندر لے جا کر دروازہ بند کر دیا۔ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں میری بیوی کی چیختی ہوئی کال آئی وہ کہہ رہی تھی کہ ‘عیسیٰ مر گیا!’ اس کے الفاظ میرے لیے بجلی کی طرح تھے۔ میں فوراً گھر پہنچا، تو ہمسائے بتا رہے تھے کہ عیسیٰ کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔ جب وہاں پہنچا، تو مجھے بتایا گیا کہ میرا ننھا بیٹا عیسیٰ دنیا چھوڑ چکا ہے۔
عیسیٰ اور اس کی بہن گھر کے اندر کھیل رہے تھے، پھر آگے صحن میں چلے گئے۔ میں ہر چند منٹ بعد اُنہیں دیکھنے جاتی رہی۔ اچانک میری بیٹی چیختی ہوئی آئی، کہنے لگی ‘امی! عیسیٰ گڑھے میں گر گیا!’
پہلے تو مجھے سمجھ نہیں آئی وہ کیا کہہ رہی ہے، میں بھاگ کر باہر گئی، تو اُس نے جگہ دکھائی — وہاں میرا بیٹا پانی کے ٹینک میں تیر رہا تھا۔ ٹینک کا کچھ حصہ زمین کے اندر تھا، اسی لیے وہ وہاں پہنچ گیا۔ میں چیخنے لگی، ہمسائے دوڑ کر آئے اور مدد کی۔ ایمبولینس آئی اور عیسیٰ کو اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہاں پہنچ کر بتایا گیا کہ وہ جاں بحق ہو چکا ہے۔





