سعودی عرب میں پیش آنے والے بس حادثے میں، جن میں زیادہ تر بھارتی زائرین شامل تھے، 45 افراد جاں بحق ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد شامل تھے، جن میں 9 بچے بھی تھے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اس خاندان نے ہفتے کے روز واپس آنا تھا۔ ۔ یہ بس اتوار کی رات سعودی وقت کے مطابق تقریباً 11 بجے مکہ سے مدینہ جا رہی تھی جب اس کی ٹکر ایک ڈیزل ٹینکر سے ہوئی۔
سعودی ٹریفک اتھارٹی کے مطابق وہ مدینہ میں پیش آئے اس بس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور قانونی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
حادثے کے بعد تلنگانہ اور جدہ میں کنٹرول روم قائم کیے گئے، جہاں 24/7 ہیلپ لائنز فراہم کی گئیں۔ متاثرین کی شناخت کی گئی اور تلنگانہ کے حکام نے ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو نے اظہارِ تعزیت کیا۔ بھارتی حکام نے کہا کہ وہ متعلقہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ متاثرین کی آخری رسومات سعودی عرب ہی میں ادا کی جائیں گی۔





