رانا اشرف کی رپورٹ
اسلام آباد پولیس نے تھانہ سنگجانی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 رکنی جعلی صحافی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس گینگ میں دو خواتین بھی شامل ہیں جو جعلی صحافی بن کر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو بلیک میل کر کے بھتہ وصول کر ہے تھے ۔
عوام کی طرف سے متعدد شکایات کے بعد ایس ایچ او سنگجانی محمد اسحاق نے اسپیشل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے کاروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں ملک عدیل، علی اصغر، مسمات رابعہ اور مسمات نشات شامل ہیں۔ ان کے قبضے سے مختلف میڈیا کے جعلی کارڈ، لوگو اور مائیک برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، یہ گینگ بیوٹی پارلرز، دکانداروں اور پراپرٹی دفاتر سے بھتہ لینے اور غریب لوگوں سے کام کروانے کے بہانے لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث تھا۔
ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہوں نے گولڑہ کے رہنے والے ایک جعلی صحافی ملک اجمل سے پیسے دے کر پریس کارڈ خریدے تھے تاکہ لوگوں کو ڈرا دھمکا کر بلیک میلنگ کی جا سکے۔
سنگجانی پولیس نے ملزمان کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ لیا ہے اور تفتیش کے بعد بڑی تعداد میں جعلی صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے جا رہی ہے ۔






