دبئی، جہاں عمارتیں پلک جھپکتے ہی کھڑی ہو جاتی ہیں، وہاں دبئی میونسپلٹی نے ایک نیا اور منفرد چیلنج قبول کرتے ہوئے دنیا کی پہلی ایسی رہائشی ولا تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو مکمل طور پر روبوٹک تعمیراتی نظام کے ذریعے بنائی جائے گی۔
یہ عالمی منصوبہ دبئی میونسپلٹی کی قیادت میں قائم ایک مقامی اور بین الاقوامی کنسورشیم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جس میں 25 سے زائد جدید ٹیکنالوجی کمپنیاں اور تعلیمی ادارے شامل ہوں گے۔
ولا کا یہ منصوبہ زاکوا وینچرز (Zacua Ventures) اور ورتھ گروپ (Würth Group) کے اشتراک سے شروع کیا جائے گا، جبکہ خصوصی تعمیراتی روبوٹکس کمپنیاں، مقامی کنٹریکٹرز اور انجینئرنگ فرمز بھی اس میں حصہ لیں گی۔
اس منصوبے کا اعلان کنسٹرکشن انوویشن اینڈ ریسرچ سینٹر (04 ConTech Valley) کے باقاعدہ آغاز کی تقریب کے دوران کیا گیا، جو ایکسپو سٹی دبئی کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر تعمیراتی مواد، نظام اور ٹیکنالوجیز میں تحقیق و جدت کے لیے ایک خصوصی مرکز کے قیام کا معاہدہ بھی کیا گیا۔ اس مرکز کا مقصد نئی نسل کے تعمیراتی حل، شہری نظام اور مستقبل کے شہروں کے انفراسٹرکچر کی ترقی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
تقریب کے دوران دبئی میونسپلٹی نے زاکوا وینچرز کے تعاون سے گلوبل کان ٹیک رپورٹ بھی جاری کی۔ رپورٹ میں عالمی سطح پر تعمیراتی ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے استعمال کا تجزیہ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ 2033 تک اس شعبے میں سرمایہ کاری 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی، جبکہ سالانہ شرحِ نمو 17.5 فیصد ہوگی۔
رپورٹ میں عالمی تعمیراتی صنعت کو درپیش سب سے بڑے مسائل میں افرادی قوت کی کمی کو سرفہرست قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث روبوٹکس اور ایڈیٹو مینوفیکچرنگ جیسی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ رپورٹ میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، انفراسٹرکچر ٹیکنالوجی اور پری فیبریکیٹڈ تعمیرات کو بھی اس شعبے کو بدلنے والی نمایاں ٹیکنالوجیز قرار دیا گیا ہے۔
دبئی میونسپلٹی نے سوبھا ریئلٹی (Sobha Realty) کے تعاون سے 2030 کے لیے 70–70 اسٹریٹیجی کا بھی آغاز کیا ہے، جس کا مقصد 2030 تک تعمیرات کا 70 فیصد حصہ سائٹ سے باہر (آف سائٹ) تیار کرنا اور فیکٹریوں میں کم از کم 70 فیصد خودکار نظام (آٹومیشن) حاصل کرنا ہے، تاکہ تعمیراتی شعبے میں معیار، کارکردگی اور پائیداری کو بہتر بنایا جا سکے۔
تقریب میں سرکاری و نجی شعبے کے شراکت داروں اور تعمیراتی ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس نے تعمیراتی نظام میں مواقع اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور دبئی میونسپلٹی کی قیادت میں کنسٹرکشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے روڈ میپ پیش کیا۔
اس موقع پر دبئی میونسپلٹی نے چین اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے ماڈیولر کنسٹرکشن سسٹم کو باضابطہ منظوری دینے کا بھی اعلان کیا، جسے دبئی میں اسمارٹ تعمیراتی معیارات کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔





