بھارتی سپر اسٹار اور معروف پاپ گلوکار دلیر مہندی کی اتراکھنڈ میں ہونے والے ایک کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دلیر مہندی بیک گراؤنڈ میوزک پر پرفارم کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم وہ خود گانے کے بجائے صرف ہونٹ ہلاتے اور کھڑے کھڑے جھومتے نظر آتے ہیں، جبکہ ان کی حالت ایسی دکھائی دیتی ہے کہ انہیں بولنے میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔
واقعے پر موجود بی جے پی رہنما نے دلیر مہندی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام سے بھاری معاوضہ لینے کے بعد انہیں اپنی گائیکی سے لطف اندوز کرانا چاہیے، لیکن وہ اتنی زیادہ شراب پی کر آئے کہ ان سے ٹھیک طرح بولا تک نہیں جا رہا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے صارفین کو بھی حیران اور افسردہ کردیا۔ ایک صارف نے کہا کہ دلیر مہندی کی یہ ویڈیو ہر فنکار اور ہر کامیاب شخص کو ضرور دیکھنی چاہیے اور اس سے سبق سیکھنا چاہیے۔
صارف نے یہ بھی کہا کہ دلیر مہندی پہلے شراب نوشی نہیں کرتے تھے، تاہم اب ان کی ایسی حالت دیکھ کر سوال اٹھتا ہے کہ آخر انہیں کیا ہوا؟ کیا وہ ڈپریشن، خراب صحت یا کسی اور مسئلے سے دوچار ہیں؟
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر دلیر مہندی کی حالت اور کنسرٹ میں ان کی پرفارمنس پر بحث چھڑ گئی ہے۔

