وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ذی الحج کا چاند پاکستان میں 21 جولائی کو نظر آئے گا اور عیدالاضحیٰ 31 جولائی کو ہو گی۔
سماجی رابطے کی ایپ ٹویٹر پر ان کا کہنا تھا کہ لوگ رویت ہلال کی ایپ استعمال کر کے چاند کی لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 21 جولائی کو دوربین کے ذریعے کراچی اور اس کے گردونواح میں ذی الحج کا چاند واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، بغیر دوربین سے بھی بعض علاقوں میں چاند نظر آ جائے گا۔
سماع ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں فرقہ واریت کو ایک طرف رکھ کر سائنس کا استعمال کرنا چاہیئے، ہم نے 2019 میں ہی موجودہ سال کے اسلامی تہواروں کی تاریخیں بتا دی تھیں۔
ان کی رائے تھی کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو سائنس کو اپنا لینا چاہیئے، علماء کو موجودہ حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا چاہیئے۔
واضح رہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اس سے قبل عیدالفطر کے چاند کی بھی درست پیش گوئی کر چکے ہیں، تاہم رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کی گواہیاں میسر آنے کے بعد اس کا اعلان کیا تھا۔