نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (این سی او سی) نے ملک کے 20 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کی ہے، ان شہروں میں موجود ایسے علاقوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو کورونا کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔
ان شہروں میں کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سوات اورسکھر شامل ہیں، این سی او سی نے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں کورونا کا پھیلاوَ روکنے کیلئے پابندیوں کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
مزید شہروں میں راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور ڈی جی خان شامل ہیں جبکہ حیدرآباد، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ اور خیرپورمیں بھی اسمارٹ لاک ڈاوَن کیا جائے گا۔
این سی او سی کی سفارش پر مالاکنڈ اور مردان کے مختلف علاقوں میں پابندیاں لگائی جائیں گی۔
این سی او سی نے مریضوں کی تلاش، ان کے رابطے میں آنے والوں کی نشاندہی اور پھر انہیں قرنطینہ کرنے کی حکمت عملی کے تحت علاقوں کا تعین کر لیا ہے۔
اسلام آباد کے علاقوں میں جی نائن 2 اور جی نائن تھری میں 300 کیسز سامنے آئے، متاثرہ سیکٹرز اور کراچی کمپنی کو سیل کیا جا چکا ہے جبکہ آئی ایٹ، آئی ٹین، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی سکس اور جی سیون کے علاقے کورونا کی نئی آماجگاہ بن چکے ہیں۔